السلام علیکم،میں ایک لکھاری ہوں ایسا لکھاری جو ہر موضوعات پے سوچتا اور لکھتا ہے۔

Tuesday, 31 December 2019

قربان

محبت میں جو جتنا زیادہ مخلص، سچا پکا اور کھرا ہوتا ہے وہی سب خسارے اٹھاتا اور سارے گھاٹے کھاتا ہے اور ہاں! وہی محبت میں قربان تک ہو جاتا ہے۔

مشکل زندگی

مالک! تُو نے زندگی کو آخر اتنا مشکل کیونکر بنایا ہے
دیکھوں! کہ میرے بندوں میں آسانیاں کون کون بانٹتا ہے۔   

گھر

میرے وطن میں میرا گھر نہیں ہے مگر پھر بھی میرا وطن ہی میرا گھر ہے۔

Monday, 30 December 2019

انسانیت

انسانیت پتا ہے کسے کہتے ہیں۔۔کہ آپ کسی کو خیر و بھلائی اور فائدہ و نفع نہیں پہنچا سکتے تو کم سے کم کسی کو گھاٹا و نقصان اور شر و فساد سے بھی نا پہنچائیں، ہاں اسی کو ہی انسانیت کہتے ہیں۔

Sunday, 29 December 2019

کڑی نظر

جتنی کڑی نظر معاشرے کی بیٹیوں پے رکھی جاتی ہے اگر اتنی ہی کڑی نظر معاشرے کے بیٹوں پے رکھی جانے لگے تو کبھی بھی معاشرے میں کوئی لڑکی زلیل و رسوا اور برباد نا ہو۔

Saturday, 28 December 2019

سکول و مدرسہ

بچوں کا مدرسوں اور ہوسٹلز میں دینی و دنیاوی حصول کے لیے داخل کرانا اور پھر انہیں انہی کے حال پے چھوڑ دینا، ان کی کوئی خبر تک نا لینا ایسے ہی ہے جیسے آپ ایک پودا لگا کر اسے اس کے حال پے چھوڑ دیں، بچوں اور پودوں کو اگر پھلتے پھولتے اور کھلتے دیکھنا چاہتے ہیں تو ان کی گاہے بگاہے دیکھ بھال کرتے رہنا ہو گا۔

Thursday, 26 December 2019

زندگی

انسان کی زندگی میں کچھ پل ایسے آتے ہیں جن میں انسان ساری زندگی جی لینا چاہتا ہے اور پھر جب وہ پل نہیں رہتے تو برے وقت اور حالات میں انہی پل کو یاد کر کر کے پھر سے باقی زندگی جیتا رہتا ہے۔

کردار

انسان ہر دن اپنا چہرہ تو چکما دمکا لیتا ہے پر کردار کو برسوں کالے کا کالا ہی چھوڑے رکھتا ہے۔

پرکھ

لڑکی کو گر کسی لڑکے سے محبت ہو ہی گئی ہے تو اسے نکاح سے پہلے لڑکے کو چار باتوں سے پرکھ لینا چاہیے، پہلی عزت کرنے اور دینے والا ہے یا نہیں، دوسرا باغیرت ہے یا بے غیرت، تیسرا باضمیر ہے یا بے ضمیر اور چوتھا احساس کرنے والا ہے یا بے حس اور پھر نکاح کر لے یا محبت کو قربان کر دے۔

Wednesday, 25 December 2019

ٹوٹے اور بکھرے

"ہوئے انسان کے پاس ایک الفاظ ہی تو مکمل رہ جاتے ہیں جن سے وہ خود کو بارہا جوڑنے اور سمیٹنے کی ناکام سی کوشش کرتا رہتا ہے"۔۔۔!     

Tuesday, 24 December 2019

حساب کتاب

انسان ہوش سنبھالنے سے لے کر موت کے منہ میں جانے تک ہر ہر شے اور ہر ہر بات کا حساب کتاب رکھتا اور لگاتا رہتا ہے، ہاں مگر سوائے اپنی برائیوں اور گناہوں کے "کہ اس نے ساری زندگی کب، کتنی، کیسے اور کس کس کے ساتھ برائی و بدی کی اور کب کیسے کیسے گناہ کیے۔     

مومن

انسان جس دن نیکی کے پیچھے ایسے بھاگنے لگا جیسے گناہ کے پیچھے بھاگتا ہے تو اس دن، ہاں اسی دن انسان انسانیت کے مقام سے ہوتا ہوا مومنیت کے مقام پے جا پہنچے گا۔

ربّ رحمٰن اور انسان و شیطان

مجھے ایسے لگتا ہے کہ روز آخرت ربّ رحمٰن اپنے چنے ہوئے بندوں کو شیطان کے سامنے پیش کرکے فرمائے گا کہ اے ابلیس دیکھ تو نے میری نافرمانی کی تھی، پر ان کو دیکھ کہ میں نے انسان کے اندر حیوانیت و شیطانیت رکھی مگر حیوانیت و شیطانیت رکھنے کے باوجود بھی انسان وحدانیت سے جڑتے ہوئے انسانیت سے جڑے رہے اور حیوانیت و شیطانیت کو چھوڑ کر پچھاڑ کر مومنیت کی راہ کو چن لیا۔۔ ہاں یہ وہی انسان ہے جسے تُو نے تکبر کرتے ہوئے سجدہ کرنے سے انکار کیا تھا۔۔آج دیکھ تیرے بہکاوے ورغلانے کے بعد بھی یہ میرے بندے بنے رہے میری بندگی کرتے رہے ہاں یہ وہی چنے ہوئے بندے ہیں جن کے بارے، میں نے تجھ سے کہا تھا کہ جا تجھے ایک خاص وقت اور مدت تک مہلت ہے جو جتنے انسانوں کو بہکا اور ورغلا سکتا ہے ورغلا لے مگر یاد رکھ " جو میرے چنے ہوئے بندے ہوں گے تو ان کا کچھ بھی نہیں بگاڑ سکے گا۔۔اور آج میرے ان چنے ہوئے بندوں کو دیکھ لے کہ میرے ہر مشکل سے مشکل اور سخت سے سخت امتحان و آزمائش کے بعد بھی ایمان سے ہٹے نہیں ، ایمان کو چھوڑا نہیں اور آج بیشک یہ کامیاب ہوئے اور تو ناکام ہو گیا ہے۔

وقاص

Monday, 23 December 2019

اے مالک

مولّا! مجھے سدھا راستہ دکھا جو تیری نظر میں سیدھا ہو میری نظر میں نہیں، مجھے اچھے لوگوں سے ملا ان سے جو تیری نظر میں اچھے ہوں میری نظر میں نہیں، مجھے اچھا ہمسفر عطا فرما وہ جو تیری نظر میں اچھی ہو میری نظر میں نہیں۔۔کیونکہ تُو بہترین جانتا ہے مگر میں نہیں۔۔۔!

Sunday, 22 December 2019

امیر غریب

امیروں کے مرنے کے بعد بھی قبر پے ماربل لگتے ہیں جبکہ غریب کو مرنے تک کچے گھر تک نہیں ملتے ہیں۔

Thursday, 19 December 2019

انسانیت

آپ اپنے جینے کے لیے اگر کسی دوسرے انسان کو دماغی جسمانی یا روحانی طور پے مار، مار کر یکمشت جان سے ہی مار دیتے یا آہستہ آہستہ موت کی طرف دھکیل رہے ہیں تو سمجھ لیں آپ کے اندر کی حیوانیت و شیطانیت آپ کی انسانیت پے حاوی ہو گئی اور آپ انسانوں کی فہرست سے نکل کر حیوانیت و شیطانیت کے مقام پے پہنچ گئے ہیں اور آپ کسی دوسرے انسان کے جینے کے لیے گر اپنے نفس،خواہشات اور ضرورتوں کو مار کر اسے دماغی جسمانی،روحانی اور مالی طور ہے فائدہ دیتے ہیں تو سمجھ لیں کہ آپ کی انسانیت آپ کے اندر کی حیوانیت و شیطانیت پے حاوی ہو گئی ہے اور حیوان و شیطان کی فہرست سے نکل کر انسانیت کے اعلٰی الیٰ اور مقام و مرتبے ہے پہنچ گئے ہیں۔

زندگی

مسئلہ تو یہی ہے کہ زندگی نا ملتی ہے نا ہی ختم ہوتی ہے۔۔۔ہاں بس زندگی قطرہ قطرہ بس رستی و سسکتی ضرور رہتی ہے۔

Wednesday, 18 December 2019

انسان

حیوان، حیوان ہیں اور شیطان بھی شیطان ہی ہیں تو پھر آخر انسان، انسان کیونکر نہیں ہیں۔۔۔!

باتیں

ہم لوگوں کو تبلیغ کرتے اور درس دیتے تھکتے نہیں ہیں پر ہم بھول جاتے ہیں کہ ضرورت، مجبوری و بے بسی ہی انسان سے گناہ کرواتی ہے یہی انسان کو انسان سے حیوان و شیطان بناتی ہے
کسی کو تبلیغ کرنے اور درس دینے سے لاکھ گنا بہتر ہے کہ کسی کی ضرورت کو پورا کر دیا جائے، وہ ضرورت جس کے نا ملنے اور پورا نا ہونے پے وہ انسان گناہ کرنے اور حیوان و شیطان بننے پے مجبور و بے بس ہو جاتا ہے۔
کیونکہ جب بدی و شر کی وجہ و سبب کو ہی ختم کر دیا جائے گا تو پھر خیر و بھلائی کا راستہ خود بخود کھلتا چلا جائے گا اور جب معاشرے میں "نیکی کرنے کا رواج" ترک کرکے "بس تبلیغ و دروس کا رواج" قائم کر لیا جائے گا تو تبھی بدی و شر کا راستہ بھی خود بخود کھلتا چلا جائے گا۔

Tuesday, 17 December 2019

دوہرا معیار

ہم لوگوں کی سوچ کو ویسے سلام ہے کہ جسم بیچنے والی تو بری ہے مگر جسم خریدنے والا اچھا ہے، رشوت لینے والا برا تو رشوت دینے والا اچھا ہے، مجرا کرنے والی بدکار ہیں پر دیکھنے والے نیکوکار ہیں۔۔ہمارا ہر بات میں دوہرا معیار ہے اپنے لیے الگ اور دوسروں کے لیے الگ سوچتے ہیں، اپنے گناہ کو تفریح یا مجبوری جبکہ دوسروں کے گناہ کو حقیقی اور اصل گناہ سمجھتے ہیں۔

حادثہ

جب مسلسل سادگی کا جواب شاطر پن سے، معصومیت کا جواب شیطانیت سے، شرم و حیا کا جواب بیشرمی و بیغیرتی سے اور جب انسانیت کا جواب مسلسل حیوانیت سے ملتا رہتا ہے تبھی۔۔ہاں۔۔تبھی کوئی بڑا اور المناک سانحہ واقع و رونما ہوتا ہے۔

حیا دار و بے حیا


جب ایک عمر، وقت اور عرصہ شرم و حیا کا پیکر و مجسمہ بنے رہنے کے بعد بھی اس دنیا اور اس دنیا کے ہر رشتے سے بدلے میں شرم و حیا نہیں ملتی تب پتا ہے کیا ہوتا ہے۔۔۔ہاں۔۔تبھی ایک بے شرمی ہٹ دھرمی اور بغیرتی کا لاوا پھوٹتا ہے وہ لاوا جو انسان کو خود تو جلاتا ہی ہے مگر اپنے ساتھ اَن گنت انسانوں کو بھی اس لاوے کی لپیٹ میں لے لیتا ہے۔۔تبھی۔۔ہاں تبھی دنیا کہتی ہے۔۔دیکھو کتنا بے شرم ، بے حیا اور بغیرت انسان ہے، اسکی تو شرم و حیا ہی مر گئی ہے۔۔اسے تو آخرت ہی جیسے بھول گئی ہے۔۔اس نے تو ہمارا معاشرہ ہی گندا گدلا اور غلیظ بنا کر رکھ دیا ہے۔۔۔

نیکی و گناہ

انسان جب مسلسل ایک کے بعد ایک گناہ کرتا چلا جاتا ہے تو اسے چھوٹے موٹے گناہ کرنے میں مزا یا لذت نہیں آتی وہ ہر بار کچھ نیا اور بڑا گناہ کرنا چاہتا ہے اور ایک دن گناہ کے نچلے سے نچلے مقام پے گرتا اور دھنستا چلا جاتا ہے ٹھیک اسی طرح انسان جب مسلسل ایک کے بعد ایک نیکی کرتا چلا جاتا ہے تو بھی اسے کسی چھوٹی موٹی نیکی کرنے میں مزا یا لذت نہیں ملتی وہ ہر بار کچھ نئی منفرد اور بڑی نیکی کرنا چاہتا ہے اور ایک دن نیکی کے اعلی مقام و مرتبے پے فائز ہو جاتا ہے۔

حرام و حلال

حلال کی زندگی بسر کرنے والے کو حرام کی زندگی کبھی بھی زیادہ دیر تک راس نہیں آئے گی اسی طرح حرام کی زندگی بسر کرنے والے کو بھی حلال کی زندگی کبھی بھی زیادہ دیر تک راس نہیں آئے گی، صرف اس لیے کہ جس کے جسم و جان میں حلال رچ بس گیا ہو اسے پھر بھلا حرام کیونکہ راس آ سکتا ہے اور جس کے جسم و جان میں ہی حرام رچ بس گیا ہو تو پھر اسے بھی بھلا حلال کیونکر راس آ سکتا ہے.

Saturday, 14 December 2019

انسانیت

سب کچھ پیسہ نہیں ہوتا ہے، سب کچھ مال و متاع نہیں ہوتا ہے اور سب کچھ منافع، نفع، فائدہ و مفاد اور مطلب نہیں ہوتا ہے۔۔ہاں کچھ انسانیت بھی ہوتی ہے، کچھ مسلمانیت اور مومنیت بھی ہوتی ہے، کچھ خوفِ خدا اور کچھ خشیتِ الہی بھی ہوتی ہے۔

Friday, 13 December 2019

انسانیت و اپنائیت

"آپ کے پیار،اخلاق اور اپنائیت و انسانیت سے بھرے دو بول سخت و کرخت مزاج کے انسان کو بھی نرم کر دیتے ہیں وہ انسان جو کسی مطلب کے بنا کسی سے بات تک نہیں کرتا وہ آپ سے بات کرنا اور آپ سے ملتے رہنا چاہتا ہے"۔

فائدہ مفاد

دنیا کامیاب و طاقتور کی کامیابی اور طاقت سے اتنا فائدہ و مفاد نہیں اٹھاتی جتنا ایک مجبور کی مجبوری اور کمزور کی کمزوری سے فائدہ و مفاد اٹھاتی ہے۔

Wednesday, 11 December 2019

حیرت

حیرت اس بات پے نہیں ہوتی کہ انپڑھ جہالت اور کرپشن کرتے ہیں بلکہ حیرت تو اس بات پے ہوتی ہے کہ جو جتنا زیادہ اعلی تعلیم یافتہ ہوتا ہے اتنی ہی زیادہ اور بھرپور عظیم جہالت اور عظیم کرپشن کا مظاہرہ کرتا ہے۔

Thursday, 5 December 2019

مولا

اے مولا! جس کُن سے تُو نے مجھے تخلیق فرمایا تھا۔۔اب اسی کُن سے مجھے اور میری زندگی کو بھی سنوار دے۔آمین۔

ایکبار درود پاک پڑھیں۔

آبادی و بربادی

پتا ہے جب ایک عمر، عرصہ اور وقت گزر جانے کے بعد بھی زندگی نہیں ملتی ہینا اور جب انسان خود کو آباد کر کر کے بھی آباد نہیں ہو پاتا ہے تب پتا ہے کیا ہوتا ہے، تب انسان خود ہی اپنی زندگی کو برباد کرنے لگ جاتا ہے،آبادی کی راہ کو چھوڑ کر بربادی کی راہ پے چل پڑتا ہے، یہ سوچتے ہوئے کہ جب زندگی آباد کرنے کے بعد بھی آباد نہیں ہو رہی، ڈھونڈنے اور تلاشنے کے بعد بھی مل کے نہیں دے رہی تو پھر انسان کہتا ہے کہ اے زندگی تجھے آباد کرکے تو دیکھ لیا ہے، آ زرا۔۔ اب تجھے برباد کرکے بھی دیکھ لیتے ہیں، وہ کیا کہتے ہیں کہ کچھ لوگوں کو آباد ہونے سے زیادہ برباد ہونا راس آتا ہے۔

قسمت تقدیر

جن کی قسمت اور تقدیر میں ہی برباد ہونا لکھ دیا گیا ہو تو پھر وہ بھلے کتنا ہی آباد ہونا چاہیں تو پھر وہ آباد کیسے ہو سکتے ہیں۔۔۔!

Thursday, 28 November 2019

نرم دل

لوگ کہتے ہیں کہ تم بہت سخت طبیعت اور سخت دل کے مالک ہو، میں کہتا ہوں آیا کہ کیا کوئی نرم طبیعت اور نرم دل والا انسان اس دنیا میں زیادہ دیر تک نرم طبیعت اور نرم دل رہ سکتا ہے۔۔۔!

Tuesday, 26 November 2019

دوست

مولا جیسے تو نے اپنے رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو چار سچے پکے کھرے بھائیوں سے بھی زیادہ بڑھ کر مخلص دوست عطا فرمائے تھے اسی طرح مجھے بھی وہ دوست عطا فرما جو سچا،پکا کھرا اور میرے لیے مخلص ہو۔آمین۔
ایکبار درود پاک پڑھیں۔

اچھا و برا

پتا ہے دنیا کا سب سے اچھا انسان کون ہوتا ہے؟ جس سے ہمیں دنیاوی فائدہ و مفاد مل رہا ہوتا ہے اور پتا ہے کہ دنیا کا سب سے بُرا انسان کون ہوتا ہے؟ جس سے ہمیں کچھ بھی دنیاوی فائدہ مفاد نہیں مل رہا ہوتا ہے۔

Monday, 25 November 2019

عاقل

جو عقل کے بالغ ہوتے ہیں وہ کسی کی کمی خامی پے پردہ ڈال کے اس کی اس کمی خامی کو دور کرنے میں مدد کرتے ہیں جبکہ اکثر عقل کے نابالغ کسی کی کمی خامی پے تمسخر اور مذاق اڑا کر اس کی کمی خامی کو اور زیادہ بڑھاوا دیتے ہیں۔

Sunday, 17 November 2019

حصہ

معاشرے میں ایسے لوگوں کی بھی کمی نہیں ہے جو بندوں کا حصہ کھا اور مار کر اللہ کا حصہ (صدقہ خیرات کرتے) نکالتے پھرتے ہیں۔

اختتام

یا ربّ رحمٰن سارا دن غفلت اور نافرمانی میں گزارنے کے باوجود بھی رات کو بستر پے تیرا اور تیرے رسول کا کلمہ پڑھ کر جیسے دن کا اختتام کرتا ہوں ویسے ہی گر خدانخواستہ ساری زندگی غفلت و نافرمانی میں گزر جائے تو بھی زندگی کے اختتام سے پہلے اور قبر کے بستر پے سونے سے پہلے اپنا اور اپنے رسول کا کلمہ پڑھنے کی توفیق و سعادت نے نوازنا۔ آمین۔

Sunday, 10 November 2019

انسانیت و اپنائیت

فقط دو لفظ ہیں مگر اپنے اندر ساری دنیا کا پیار سموئے ہوئے ہیں اور یہی دو خاصیت و خوبی میں نجانے کب سے کس کس میں ہر آنے جانے والے اور ہر ملنے ملانے والے میں مارا مارا ڈھونڈتا اور تلاشتا پھرتا ہوں "کہ ایک دن تو کہیں نا کہیں، کبھی نا کبھی کسی سے تو "اپنائیت اور انسانیت" آخرکار مل ہی جائے گی۔

Thursday, 31 October 2019

اپنے

جس طرح دنیا میں اٹھنا اور دنیا سے اٹھ جانے میں فرق ہوتا ہے ٹھیک اسی طرح اپنوں سے ملنے اور "اپنوں کے مل جانے" میں بہت بڑا فرق ہوتا ہے۔

مطلب کی دنیا

دنیا مطلب، فائدے اور مفاد کے لیے گلے لگاتی اور ساتھ چلتی ہے اور مطلب، فائدہ یا مفاد کے ختم اور بند ہونے پے لات مارتی اور دھکا دیتی ہے مگر ایسے میں گر جو کوئی بنا مطلب کے کام آئے تو جان لو وہی انسان ہے اسی ہی میں ہی انسانیت ہے۔

سکون پناہ

مرد کو ہمیشہ عورت کی گود میں سکون جبکہ عورت کو ہمیشہ مرد کے کندھے میں پناہ ملی ہے۔

درد

ہوتا کیا ہے کہ جب ہم کسی کو پیٹ کے درد اور سر درد کے بارے بتاتے ہیں تو وہ ناسمجھتے ہوئے ہمیں پیٹ اور سر درد کی گولی دے دیتے ہیں یا پھر ہسپتال جانے کا مشورہ دیتے ہیں اگر ہم وہ کھا لیں تو درد اور بڑھ جاتا ہے۔

بھوک پیاس سے پیٹ میں درد اور بے گھر اور بے روزگاری کے عالم میں خوف و ڈر سے سر میں درد ہو رہا ہو اور ایسے میں انسان کے پیٹ کے درد کا علاج روٹی ہوتا ہے اور سر کے درد کا علاج چار دیواری اور روزگار ہوتا ہے ناکہ پیٹ اور "سر کے درد کی گولی" سے علاج ہو گا

Tuesday, 29 October 2019

دعا درخواست

اے مولّا! میری زندگی کی شروعات تُو نے جس معصومیت اور پاکیزگی پے شروع کی تھی، اسی معصومیت اور پاکیزگی پے ہی میری زندگی کا اختتام فرمانا،آمین۔
ایکبار درود پاک پڑھیں۔

خیر و شر

جہاں خیر ہے وہاں شر ہے اور جہاں شر ہے وہیں خیر بھی ہے، جہاں شر خیر کے پیچھے لگا ہے وہیں خیر بھی شر کے پیچھے پیچھے لگا ہے، اس لیے کہیں کوئی زمین گھر خریدو یا بناؤ، دوستی یاری بناؤ، شادی بیاہ کرو، نوکری یا پھر کوئی کاروبار کرو تو شروعات سے پہلے ربّ رحمٰن سے دعا اور درخواست ضرور کر لیا کرو کہ یا ربّ رحمٰن مجھے نہیں پتا کہ یہ بات، کام اور انسان کیسا ہے اس لیے اس کے شر سے مجھے اور میرے شر سے اسے محفوظ فرما اور اس کی خیروبھلائی مجھے اور میری خیروبھلائی اسے بھی عطا فرما۔آمین۔

گھاس اور درخت

گھاس بننے سے بہتر ہے کہ تم درخت بن جاؤ کیونکہ گھاس ہرا رہنے پے کاٹ کر جانوروں کے چارے کے طور پے جبکہ سوکھ جانے پے آگ جلانے کے کام آتا ہے جبکہ درخت پھل پھول اور گھنا سایہ دیتا ہے اور گر اسے کاٹ بھی دیا جائے تو مہنگے داموں بیچا جاتا ہے، اس سے زینت اور زیب و آرائش کا سامان تیار کیا جاتا ہے اور پتا ہے "گھاس کو ہر انسان پیر تلے روندتا ہے جبکہ درخت کی سیوا کی جاتی ہے"۔

Monday, 28 October 2019

مطلب کی اچھائی

معاشرے میں برے لوگ اور برائی اتنی عام ہوتی جا رہی ہے کہ اچھے لوگ اور اچھائی جب ملتی ہے تو تو دونوں پے شک سا ہونے لگتا ہے کہ پھر کہیں کوئی اپنا مطلب نکلوانے کے لیے آ گیا ہے۔۔۔!

Saturday, 26 October 2019

انسانیت


انسان جب شیطانیت و حیوانیت کر کر کے بھی نہیں تھکتا تو پھر وہی انسان ایک آدھ بار کی انسانیت کے بعد انسانیت سے کیونکر تھک ہار جاتا ہے...!

Friday, 25 October 2019

انسانیت

پتا ہے دنیا انسانیت پے کیوں نہیں چلتی؟ کیونکہ انسانیت کہتی ہے کہ ایک روٹی کو آدھا کرو اور اپنے جیسے دوسرے انسان کو کھلاؤ۔

اور یہ بھی پتا ہے کہ انسانوں کی دنیا حیوانیت پے کیونکر چلتی ہے؟ کیونکہ حیوانیت میں دوسرے کا پیٹ پھاڑ کر اپنا پیٹ بھرا جاتا ہے۔

خالی پن

جوں جوں زندگی گزرتی جا رہی ہے تُوں تُوں خالی پن بھی بڑھتا ہی چلا جا رہا ہے۔

تماشہ

تماشہ بننا یا کرنا پڑتا ہے تو دنیا آپ کے ارد گرد جمع ہوتی ہے وقاص
سیدھی سادھی صاف ستھری بات دنیا نہیں سنا کرتی۔

Saturday, 19 October 2019

زائقہ

کیا انہیں بھی موت کا زائقہ چکھنا پڑے گا مالک! جو زندگی  کو پا کے بھی زندگی کا زائقہ چکھنے کے لیے در بدر بہکتے، بھٹکتے، تڑپتے اور سسکتے ہی رہے۔۔۔!

بد نیتی

معاشرے میں خیر و بھلائی کرنے والوں کی کمی ابھی بھی نہیں ہے پر ان کی خیر و بھلائی کی مثال اس بکری جیسی ہے جو دودھ تو دیتی ہے مگر دودھ میں مینگنی (پاخانہ) ڈال دیتی ہے۔

کمی ہے تو صرف خلوص کی ہے، اخلاص کی ہے، سچائی کی کمی ہے اور یاد رکھیں کہ جس نیکی میں اخلاص نہیں ہے وہ ہوتی تو نیکی ہی ہے مگر انسان کی بد نیتی کی وجہ سے اکثر گناہ بن جایا کرتی ہے۔

Over thinking


جب آپ کمپیوٹر یا کسی Device پے ایک ساتھ زیادہ سوفٹ وئیر یا زیادہ فائلز کھولیں گے تو وہ سست ہونے کے ساتھ ساتھ Stuck جام ہو جاتا ہے اور اس Restart کرنا پڑتا ہے اور کم سوفٹ وئیر یا کم فائلیں کھولنے سے وہ بہتر طور پے چلتا رہتا ہے

اسی طرح میں جب جب زیادہ سوچتا ہوں تو Over Thinking کی وجہ سے میرا دماغ اور جسم سست سا ہو جاتا ہے، غشی اور نیند کی کیفیت سی طاری ہو جاتی ہے اور میں کچھ دیر کے لیے سو جاتا ہوں اور جب اٹھتا ہوں تو پھر تازہ دم ہوتا ہوں

دنیا میں جتنی بھی ترقی ہوئی ہے وہ زیادہ تر انسان کے اوپر یا پھر حیوانوں کے اوپر ریسرچ کرکے کے نئی نئی اور ایک سے ایک کارآمد و اعلی دریافت کی گئی ہیں۔

کیا آپ کے ساتھ بھی Over Thinking کے بعد ایسی کیفیت یا ایسی حالت طاری ہوتی ہے؟

Friday, 18 October 2019

فائدہ مفاد

سبھی کا اپنا اپنا مفاد و فائدہ جڑا ہوتا ہے تب ہی وہ آپ کے ساتھ جڑتے ہیں یا پھر اپنے فائدے مفاد کی خاطر آپ کو اپنے ساتھ جوڑ لیتے ہیں۔

Thursday, 17 October 2019

خدائی صفت

ربّ رحمٰن پتا ہے کس کو اپنا بناتا اور خود کس کا بنتا ہے جو اس کی صفات کو اپنے اندر لاتا اور پیدا کرتا ہے جیسے ربّ رحمٰن کی صفات و شان میں سے ایک صفت اور شان یہ بھی ہے کہ دنیا کا کوئی انسان بھی ربّ رحمٰن کو نا مانے نا پوجے نا اسکا نام لیوے اور نا ہی اسکا بنے مگر وہ پھر بھی سب کا ہوتا ہے، سب کو پالتا پوستا ہے، سب کو بلاتفریق نعمتوں سے نوازتا ہے کیونکہ وہ "ربّ رحمٰن" سب کا جو ہوتا ہے

اور جو انسان ربّ رحمٰن کی یہ صفت اپنے اندر پیدا کر لے تو ایسے بندے کے بارے ہی ربّ رحمٰن فرماتا ہے کہ میں اس کی آنکھ بن جاتا ہوں، اس کا ہاتھ اور پیر بن جاتا ہوں حتکہ اس کا دل بن جاتا ہوں اور میں اس سے راضی و خوش ہو جاتا ہوں۔

Wednesday, 16 October 2019

اے زندگی

اے زندگی آخر تو اتنی مشکل کیوں ہے؟

اس لیے کہ جب تم مشکلوں سے گزر کے مجھ تک پہنچتے ہو تو تمہیں میری قدر ہوتی ہے اور اگر میں آسان ہوتی اور آسانی سے مل جاتی تمہیں کبھی بھی میری قدر و قیمت نا ہوتی۔

مرد و عورت

لڑکا جب تک مرد نہیں بنتا اور لڑکی جب تک عورت نہیں بنتی تب تک دونوں کی زندگی مشکلوں میں ہی گِھری رہتی ہے لڑکے کا مرد اور لڑکی کا عورت بننے کے بعد ہی وہ زندگی کی ہر مشکل پریشانی کا ڈٹ کر اور جم کر مقابلہ کرنے کے قابل و لائک ہو جاتے ہیں۔

نیت

نیتیں جب صاف ستھری،سچی کھری اور خالص ہوں تو پھر راستے کتنے ہی مشکل اور کٹھن کیوں نا ہوں، منزل بھلے کتنی ہی دور کیوں نا ہو پر وہ خالق مالک نیتیوں کی بنیاد پے راستے صاف کر دیتا ہے اور دور سے دور منزل کو بھی قریب سے قریب تر کرتا چلا جاتا ہے۔

Tuesday, 15 October 2019

سہارا و بھروسہ

انسان اس وقت تک زلیل و خوار ہی ہوتا رہتا ہے جبتک دوسروں کے سہارے اور بھروسے پے جیتا رہتا ہے

پر اس دن سے عزت و احترام اور مقام کی طرف قدم بڑھانا شروع کر دیتا ہے جس دن خود پے اور خدا کے سہارے اور بھروسے جینا شروع کرتا ہے۔

تعلیم یافتہ

میں پورے یقین کامل سے کہہ سکتا ہوں کہ اگر دنیا کی ساری اچھی نوکریاں، اچھے کاروبار اور ساری عزت اگر انپڑھ لوگوں کے حصے میں آیا کرتی تو دنیا میں کوئی انسان کبھی بھی تعلیم حاصل کرنے کی کوشش تک نا کرتا بلکہ سب انپڑھ ہی رہتے کیونکہ دنیا میں تعلیم حاصل کرنے کی نیت، مقصد اور زاویہ فقط مادہ پرستی و مفاد پرستی میں ہی بدل کے رہ گیا ہے اس لیے آج جگہ جگہ تعلیم یافتہ تو مل جاتے ہیں مگر "انسانیت یافتہ" انسان شاذ و نادر ہی ملا کرتا ہے۔

Monday, 14 October 2019

انسان اور انسانیت

نفرت سی ہونے لگتی ہے مجھے بعض دفعہ انسان ہونے پے بھی یہ سوچ کر " کہ حیوان ہر وقت اپنی حیوانیت اور شیطان ہمیشہ اپنی شیطانیت پے ہی قائم رہتا ہے "جبکہ ایک واحد انسان ہے جو اپنی انسانیت پے قائم نہیں رہ پاتا ہے"۔ 

Saturday, 5 October 2019

مجبوری و بے بسی

ربّ رحمٰن انسان کو مجبوری و بے بسی اور لاچارگی میں اس لیے ڈالتا ہے کہ میرا بندہ میری طرف لوٹے اور پلٹے گا،میری حمد و ثنا کرے گا، مجھ سے اپنے گناہوں کی توبہ و استغفار کرے گا اور میرے حضور سربسجود ہو جائے گا، مجھ سے اپنی دعا اور منتیں مرادیں مانگے گا جبکہ انسان اس کے برعکس بھاگ بھاگ پھر سے دنیاداروں کے در پے جا جا ماتھا ٹیکتا ہے۔

نیک و صالح اور ایماندار

جیسے بعض دفعہ والدین بُری اولاد کو بھی ساتھ لے کر چلتے ہیں مگر عزت صرف نیک و صالح اولاد ہی کی کرتے ہیں ویسے ہی بعض دفعہ مالک اپنا کاروبار چلانے کی خاطر بُرے ملازم کو بھی ساتھ لے کر چلتا ہے مگر عزت صرف "ایماندار ملازم" ہی کی کرتا ہے۔

دلیل

مجھے وہ لوگ پسند ہیں جو دلیل سے قائل ہوتے اور دلیل سے ہی قائل کرتے ہیں۔

ناکہ سنی سنائی باتوں اور مفروضوں پے قائل کرتے اور خود سنی سنائی باتوں اور مفروضوں سے قائل ہوتے ہیں۔

سادگی

سادا لوگ اور سادگی بھی کسی نعمت عظیم سے کچھ کم نہیں ہے۔۔اور پتا ہے سادا لوگوں کی خوبی اور سادگی کی خوبصورتی کیا ہے۔۔! سادا لوگوں کی سادگی میں ایمان ہوتا ہے وہ ایمان جو بندے کو اس کے ربّ رحمٰن سے جوڑتا اور ملوا دیتا ہے۔

Wednesday, 2 October 2019

اصل

انسان اپنی اصل چھپا نہیں سکتا، اس سے کبھی بھاگ نہیں سکتا اور کبھی پیچھا چھڑا نہیں سکتا،پھر بھلے وہ اصل اچھی ہو یا بری،پر ایک دن ہر انسان مرنے سے پہلے اپنی اصل کی طرف لوٹتا اور پلٹتا ضرور ہے۔ 

بڑے بزرگ

گھر کے بوڑھوں کے بارے ہم سب کی رائے یہی ہوتی ہے کہ انکو اب دنیا سے کوچ کر جانا چاہیے،اب کون انکو سنبھالے یا پالے۔

مگر پتا ہے بڑے بزرگوں کے پاس ہر بات اور ہر شے کو جوڑنے، سنبھالنے اور سدھارنے کا گُر اور تجربہ ہوتا ہے جو کہ ہم نوجوانوں کے پاس نہیں ہوتا ہے۔

مومن

مومن پتا ہے کس کو کہتے ہیں!
اس کو مومن کہتے ہیں جو انسانیت اور مسلمانیت کے ناتے اپنے پرائے کے دکھ میں دکھی ہو اور اپنے پرائے کی خوشی میں خوشی ہو۔۔

Monday, 30 September 2019

سوچ

سوچتا ہر انسان ہے پر سوچ سوچ کا فرق ہوتا ہے اور ہر انسان میں دو قسم کی سوچ پیدا ہوتی ہیں ایک سوچ تخریب کاری کی ہوتی ہے جس میں دوسروں کی تباہی و بربادی چھپی ہوتی ہے اور ایک سوچ تعمیری ہوتی ہے جس میں دوسروں کے لیے خیر و بھلائی اور انسانیت پنہاں ہوتی ہے،اب حیوان تخریبی سوچ پے چل پڑتا ہے جبکہ انسان تعمیری سوچ کا انتخاب کرتا ہے۔